شارجہ:قسمت نے بالآخر مسکرا ہی دیا، شارجہ میں مقیم ایک بھارتی شہری اشیک پٹن ہارتھ نے ابوظبی کی مشہور بگ ٹکٹ لاٹری سیریز 271 میں حیران کن طور پر 25 ملین درہم (تقریباً 1 ارب 90 کروڑ پاکستانی روپے) کا جیک پاٹ جیت کر سب کو حیران کر دیا۔
کیرالہ سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ اشیک گزشتہ 10 سال سے مسلسل بگ ٹکٹ لاٹری کے ذریعے قسمت آزما رہے تھے، اور آخرکار کامیابی نے ان کے دروازے پر دستک دے ہی دی۔ اشیک نے بتایا:
میں تقریباً 100 ٹکٹ خرید چکا ہوں، لیکن یہ پہلا موقع ہے جب میں نے لاٹری جیتی ہے۔اس بار انہوں نے چھ ٹکٹ خریدے، اور 29 جنوری کو آن لائن خریدا گیا ٹکٹ نمبر 456808 ان کے لیے خوابوں کی تعبیر بن گیا۔
اشیک کا کہنا ہے کہ جب انہیں شو کے میزبان رچرڈ اور بوچرا نے فون کر کے خوشخبری سنائی تو وہ پہلے تو شش و پنج میں مبتلا تھے۔میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ بھارت میں ویڈیو کال پر مصروف تھا اور چونکہ میں رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں کام کرتا ہوں، اس لیے فراڈ سے ہمیشہ محتاط رہتا ہوں۔
اب جبکہ ان کے پاس 25 ملین درہم کی دولت ہے، اشیک نے اعلان کیا ہے کہ وہ رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کر کے اپنے دیرینہ خواب کو حقیقت میں بدلیں گے۔ ان کی بیوی، تین بچے، دو بہنیں اور والدین اس خوشی میں برابر کے شریک ہیں۔
میں نے ہمیشہ سوچا تھا کہ رئیل اسٹیٹ میں کچھ بڑا کروں، اور اب وقت آ گیا ہے۔
انہوں نے دوسروں کو بھی امید کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اب تک کامیاب نہیں ہوئے، وہ ہمت نہ ہاریں۔ میری طرح ان کا دن بھی ضرور آئے گا۔