اسلام آباد میں ایک نجی ٹی وی چینل سےگفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سینیٹرعرفان صدیقی نے کہا کہ عمران خان اگر اپنے بچوں کو سیاست میں لانا چاہتے ہیں تو انہیں کوئی اعتراض نہیں، بشرطیکہ وہ آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک یا احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے، بشرطیکہ وہ آئینی حدود میں ہو۔ تاہم انہوں نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ بانی تحریک انصاف کی رہائی کسی فردِ واحد، بشمول ان کے بچوں یا بہنوں کی کوششوں سے ممکن نہیں، بلکہ یہ فیصلہ ان کے اپنے طرزِ عمل اور قانونی معاملات سے مشروط ہے۔
خیبرپختونخوا میں حکومت کی تبدیلی سے متعلق سوال پر سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ ایسی کوئی صورتِ حال نہیں، نہ ہی اس قسم کی کوئی تجویز زیر غور ہے۔ انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت، بالخصوص صدر آصف علی زرداری کو مدبر اور معاملہ فہم شخصیت قرار دیا، اور کہا کہ وہ ریاست کے سربراہ کے طور پر حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔ عرفان صدیقی کے مطابق پیپلز پارٹی ہماری اتحادی ہے اور اتحادیوں کے ساتھ تعلقات مضبوط رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، ہم کیوں کر نظام کو درہم برہم کرنا چاہیں گے؟
چینی کی بڑھتی قیمتوں پر گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما نے کہا کہ حکومت اس مسئلے پر پوری سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔ بیرون ملک سے چینی درآمد کی گئی ہے تاکہ مقامی سطح پر قیمتوں کو کنٹرول کیا جا سکے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی پر قابو پانا ایک بڑا چیلنج ہے، مگر حکومت اس سے نمٹنے کے لیے جامع اقدامات اٹھا رہی ہے۔