مولانا فضل الرحمن کی جماعت ، جمعیت علماء اسلام کے ٹویٹڑ اکاؤنٹ سے یہ وضاحت کی گئی ہے جمعیت علماء اسلام کی طرف منسوب ایک بیان، جس میں حال ہی میں فوت ہونے والے بڑے سعودی عالم دین شیخ ربیع بن ہادی المدخلی (رحمہ اللہ) کی توہین کی گئی تھی، سے جمعیت علماء اسلام پاکستان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
جمعیت علماء اسلام کی طرف سے پیش کردہ وضاحت میں کہا گیا ہے کہ جمعیت، شیخ ربیع بن ہادی المدخلی (رحمہ اللہ) سمیت تمام سعودی علمائے کرام، اصحاب علم ودانش اور ائمہ حرمین شریفین کا احترام کرتی ہے، جمعیت کی طرف منسوب بیانات جھوٹے ہیں۔
بیان میں واضح کیا گیا کہ شیخ ربیع بن ہادی المدخلی (رحمہ اللہ) کی توہین کے حوالے سے سوشل میڈیا پر گردش کرتے ہوئے بیان سے جمعیت علماء اسلام کا کوئی تعلق نہیں ہے ، یہ سراسر جھوٹا اور فیک بیان ہے۔ جمعیت نے اس سلسلے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے اور جمعیت اپنے تمام بیانات صرف اپنی آفیشل ویب سائٹس کے ذریعے جاری کرتی ہے۔
جمعیت علماء اسلام ف کی طرف سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ہماری طرف ایسی چیزوں کا انتساب سراسر من گھڑت اور جعلسازی ہے، جن میں شیخ ربیع بن ہادی المدخلی (رحمہ اللہ) سمیت کسی بھی سعودی عالم دین کا استہزاء کیا گیا ہو۔
بیان میں کہا گیا کہ ہم اس سلسلے میں واضح کرنا چاہیں گے کہ جمعیت علماء اسلام اپنے اصلی طریقہ کاراور ابدی موقف پر کاربند ہے، جمعیت، مملکت سعودی عرب کے تمام علماء کا احترام کرتی ہے اور افواہوں کو پھیلانے یا ان کی تشہیر میں حصہ لینے سے گریز کرتی ہے۔
ہم ہر کسی کو اس کے ذرائع کا حوالہ دیئے بغیر گردش کرنے والی خبروں کے خلاف بھی متنبہ کرتے ہیں۔ ہم سب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ سچائی کی تصدیق کریں اور جو شائع کیا گیا ہے اس کی ساکھ کو یقینی بنائیں۔
جمعیت کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ہم اس مبینہ جھوٹے بیان کا مسودہ تیار کرنے یا شائع کرنے والے کو اللہ تعالی کے سامنے اور پھر متعلقہ حکام کے سامنے مکمل طور پر ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔