جاپان کی مشہور لگژری ٹرین سیون اسٹارز ان کیوشو دنیا کی مہنگی ترین ریل گاڑیوں میں سے ایک ہے، جو نہ صرف اپنی پرتعیش سہولیات بلکہ اپنی نایابی کی وجہ سے بھی سیاحوں کے لیے ایک خواب جیسی حیثیت رکھتی ہے۔ اس شاندار ٹرین میں دو روزہ شاہانہ سفر کی قیمت 50 سے 55 لاکھ روپے تک ہو سکتی ہے، جو اسے دنیا کے مہنگے ترین سفری تجربات میں شامل کرتی ہے۔
یہ خوبصورت ٹرین جاپان کے جنوبی جزیرے کیوشو میں چلتی ہے اور ہر لحاظ سے ایک مکمل شاہی تجربہ فراہم کرتی ہے۔ ایک وقت میں صرف 30 مسافر اس میں سوار ہو سکتے ہیں، جس سے اس کی پرائیویسی، سکون اور معیار کی اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ ٹرین میں دیے جانے والے کیبن مکمل طور پر لکڑی سے بنے ہوتے ہیں، جن میں ذاتی باتھ رومز، وسیع کھڑکیاں، نرم بستر اور جدید سہولیات شامل ہیں۔ کھڑکیوں سے گزرتے وقت جاپان کے قدرتی مناظر کسی خواب کی مانند دکھائی دیتے ہیں۔
مسافروں کو اعلیٰ معیار کی روایتی جاپانی اور بین الاقوامی خوراک فراہم کی جاتی ہے، جسے ماہر شیف تیار کرتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس پرتعیش ٹرین میں سفر کرنے کے لیے صرف پیسہ ہی کافی نہیں بلکہ خواہشمند افراد کو قرعہ اندازی یا طویل انتظار کے بعد ہی ٹکٹ ملتا ہے۔ یہ محدود رسائی اسے اور بھی زیادہ ایکسکلوزو بنا دیتی ہے۔
سیون اسٹارز ان کیوشو صرف ایک سفری ذریعہ نہیں بلکہ یہ ایک کلچرل اور پرتعیش تجربہ ہے جو جاپانی میزبانی، فنِ تعمیر اور قدرتی حسن کا حسین امتزاج پیش کرتا ہے۔ یہ ٹرین ان مسافروں کے لیے ہے جو زندگی میں غیرمعمولی اور یادگار لمحات کی تلاش میں ہوتے ہیں۔