ریسلنگ کی تاریخ کا ایک باب بند ہو گیا،دنیا کو ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (WWE) سے جوڑنے والا لیجنڈ، ہلک ہاگن 71 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے فلوریڈا میں انتقال کر گئے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہاگن کو جمعرات کے روز دل کی تکلیف کے باعث اسپتال لے جایا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
ہلک ہاگن، جن کا اصل نام ’ٹیری جین بولیا‘ تھا نے ریسلنگ کو صرف کھیل نہیں، بلکہ عالمی اسٹیج پر ایک ثقافتی طوفان بنایا۔ 1980 کی دہائی میں جب ڈبلیو ڈبلیو ایف (WWE) نیا نیا ابھر رہا تھا، ہاگن اس کا چمکتا ہوا چہرہ بنے۔ ان کے 24 انچ کے بازو، طاقتور پوزز اور مشہور جملے ’’Whatcha gonna do, brother?‘‘ نے دنیا بھر کے شائقین کو دیوانہ بنایا۔
ان کی فلم ’راکی تھری‘ میں تھنڈر لپس کا کردار ہو یا 1984 میں آئرن شیک کو شکست دے کرچیمپیئن بننے کا لمحہ ہر منظر ہاگن کے کیریئر کو ایک لیجنڈ کی حیثیت دیتا ہے۔ ریسلمینیا کے اولین ایونٹس میں ان کی موجودگی نے WWE کو گھر گھر پہنچایا۔
ریسلنگ کے مداح انہیں کبھی ہیرو کے روپ میں جانتے تھے اور کبھی ولن کے کردار "ہالی ووڈ ہاگن” کے طور پر، جب انہوں نے WCW میں "نیو ورلڈ آرڈر (nWo)” کی بنیاد رکھی اور اسپورٹس انٹرٹینمنٹ کو نئی زندگی دی۔
ان کی زندگی میں شہرت کے ساتھ تنازعات بھی جڑے رہے۔ 2015 میں نسل پرستانہ ریمارکس پر WWE نے انہیں معطل کیا، لیکن 2018 میں وہ دوبارہ ہال آف فیم کا حصہ بنے۔ انہوں نے تین شادیاں کیں، دو بچے چھوڑے، اور ایک مقبول ریئلٹی شو ’ہوگن نوز بیسٹ‘ بھی کیا، جس میں ان کے خاندان نے شرکت کی۔
ان کے انتقال سے ریسلنگ کی دنیا ایک ناقابلِ تلافی خلا کا شکار ہو گئی ہے۔ چاہے وہ رنگ میں ہوں یا اسکرین پرہلک ہاگن نے جو کردار ادا کیا، وہ آنے والے کئی نسلوں کو متاثر کرتا رہے گا۔ مداح آج صرف ایک ریسلر نہیں، ایک عہد کو الوداع کہہ رہے ہیں۔