لاہور: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما حماد اظہر نے اپنے خلاف قائم مقدمات کو جعلی اور بے بنیادقرار دیتے ہوئے انصاف کے حصول کے لیے عدالت جانے کا اعلان کیا ہے۔ ایک جذباتی بیان میں انہوں نے نہ صرف اپنے قانونی مؤقف کا اظہار کیا بلکہ حالیہ ذاتی صدمے پر بھی کھل کر بات کی۔انہوں نے کہا کہ میرے خلاف قائم مقدمات کا کوئی سر پیر نہیں، میں عدالت سے ناجائز کیسز پر انصاف مانگوں گا
حماد اظہر کا کہنا تھا کہ میں بے گناہ ہوں، اور جن مقدمات میں مجھے ملوث کیا گیا ہے ان کی نہ کوئی بنیاد ہے اور نہ ہی کوئی قانونی جواز۔ عدالت کا دروازہ کھٹکھٹاؤں گا اور اگر انصاف مل گیا تو اللہ کا شکر ادا کروں گا۔
انہوں نے مزید کہاکہ اگر مجھے انصاف نہ بھی ملا تو میں استقامت سے کھڑا رہوں گا، کیونکہ یقین رکھتا ہوں کہ اللہ صابرین کے ساتھ ہے
حماد اظہر نے اپنے اہلِ خانہ، خصوصاً والدہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میرے گھر والوں نے مجھ سے زیادہ تکالیف برداشت کیں۔ میری خواہش ہے کہ اب ان کے ساتھ وقت گزاروں، خاص طور پر اس دکھ کی گھڑی میں۔
یہ بیان اس موقع پر سامنے آیا جب ان کے والد اور سینئر سیاسی رہنما میاں اظہر کی وفات کو چند دن ہی گزرے ہیں۔ تین روز قبل لاہور میں ان کا انتقال ہوا، جس کے بعد حماد اظہر نے سوگ کی کیفیت میں عوامی اور سیاسی مصروفیات سے وقتی کنارہ کشی اختیار کی تھی۔
اپنے بیان میں انہوں نے ان تمام افراد کا بھی شکریہ ادا کیا جو ان کے غم میں شریک ہوئےجو میرے گھر آئے، پیغام بھیجا، یا صرف دل سے دعا کی میں ان سب کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔