اسلام آباد:ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے پاکستان کے سرکاری دورے کا شیڈول تیار کر لیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق صدر مسعود پزشکیان 2 اگست کو لاہور پہنچیں گے جہاں وہ اپنے دورے کا باضابطہ آغاز کریں گے۔
ذرائع کے مطابق ایرانی صدر لاہور پہنچ کر شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر حاضری دیں گے جس کے بعد وہ اسی روز شام کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد روانہ ہوں گے۔ 3 اگست کو ایرانی صدر پاکستان کی اعلی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
اسلام آباد میں قیام کے دوران ڈاکٹر مسعود پزشکیان وزیراعظم شہباز شریف سے دو طرفہ مذاکرات کریں گے، جن میں باہمی تجارت، بارڈر مینجمنٹ، توانائی اور علاقائی سلامتی جیسے اہم امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔
ایرانی صدر کی پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور آرمی چیف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی اطلاعات بھی ہیں۔ واضح رہے کہ حالیہ ایران-اسرائیل جنگ میں پاکستان نے ایران کا ساتھ دیا تھا جس پر ایران نے پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔
اس کے بعد پاکستان کے وزیراعظم میاں شہباز شریف کی ایرانی صدر سے آذربائیجان میں دو اہم ملاقاتیں بھی ہوئی ہیں جن میں دونوں رہنماؤں کی باڈی لینگویج متاثر کن اور دوستانہ تھی۔
ایرانی صدر کے حالیہ دورہ پاکستان کو بین الاقوامی اہمیت بھی حاصل ہوگی، قریبی ممالک کے علاوہ امریکہ بھی اس دورے کو خصوصی اہمیت سے دیکھے گا۔ کیونکہ امریکہ کی کوشش رہی ہے کہ وہ ایران کو تنہائی کا شکار کیے رکھے۔
دوسری طرف ایرانی قیادت نے حالیہ جنگ کے بعد اپنے مزاج میں کافی نرمی کا مظاہرہ کیا ہے۔ جنگ ٹلی ضرور ہے لیکن اس کا خطرہ ابھی بھی موجود ہے، ایران کا کہنا ہے کہ وہ جوہری کوشش جاری رکھے گا جبکہ اسرائیل نے ایسی صورت میں دوبارہ حملے کی دھمکی دے رکھی ہے۔
ایسے میں ایران کے لیے ، پاکستان جیسے دوست کے ساتھ تجارت، علاقائی تعاون اور دوستی نہایت ضروری ہے۔ موجودہ ایرانی صدر کی کمسٹری بھی پاکستان کے موجودہ وزیر اعظم سے بہت ملتی جلتی ہے۔