کراچی: سندھ کی تاریخ کی سب سے مہنگی گاڑی نمبر پلیٹ "A-1” کو 10 کروڑ روپے میں خرید کر شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے معروف صنعت کار مزمل پراچہ کینسر جیسے موذی مرض سے زندگی کی جنگ ہار گئے۔ زندگی بھر نایاب گاڑیوں، خصوصی نمبر پلیٹس اور پرتعیش طرزِ زندگی کو ترجیح دینے والے مزمل پراچہ اپنی موت سے چند ماہ قبل اُس وقت میڈیا اور سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنے جب انہوں نے سندھ حکومت کی نیلامی میں 10 کروڑ روپے کی ایک منفرد گاڑی نمبر پلیٹ خریدی تھی۔
یہ تاریخی خریداری جون 2024 میں ہوئی، جب سندھ حکومت نے مخصوص اور یونیک نمبر پلیٹس نیلام کیں۔ مزمل پراچہ نے "A-1” پلیٹ کی بولی سب سے زیادہ لگا کر سب کو حیران کر دیا۔ اُن کی ویڈیوز اور تصویریں خوب وائرل ہوئیں، اور وہ سوشل میڈیا پر لگژری گاڑیوں کے بادشاہ کے طور پر مشہور ہو گئے۔ تاہم قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔
خاندانی ذرائع اور مقامی میڈیا کے مطابق مزمل پراچہ کینسر کے خلاف کافی عرصے سے نبرد آزما تھے اور دبئی کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج تھے، جہاں وہ انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر نے سوشل میڈیا پر افسوس کی لہر دوڑا دی، جہاں صارفین نے ان کے لیے دعائے مغفرت کی اور زندگی کی بے ثباتی پر گہرے تاثرات کا اظہار کیا۔ ایک صارف نے جذباتی جملہ لکھا دولت، شہرت اور کروڑوں کی نمبر پلیٹ بھی موت کو نہ روک سکی۔
مزمل پراچہ نہ صرف ایک کامیاب بزنس مین تھے بلکہ انہیں گاڑیوں کا جنون کی حد تک شوق تھا۔ ان کے پاس نایاب گاڑیوں کا ذخیرہ تھا اور وہ ہر گاڑی کے لیے خاص اور یونیک نمبر پلیٹ لیتے تھے۔ ان کے دوستوں کا کہنا ہے کہ وہ ایک پرجوش، دلیر اور بےحد مہربان انسان تھے جن کی کمی مدتوں محسوس کی جاتی رہے گی۔