اسپین نے یورپ جانے کے خواہشمند غیر یورپی شہریوں کے لیے ایک شاندار اور سستا موقع فراہم کرتے ہوئے صرف 75 امریکی ڈالر (تقریباً 21 ہزار پاکستانی روپے) میں "ڈیجیٹل نوماڈ ویزا” متعارف کرا دیا ہے، جو یورپ کی تاریخ کا سب سے کم قیمت ورک ویزا قرار دیا جا رہا ہے۔
اس ویزے کا مقصد دنیا بھر کے ریموٹ ورکرز اور فری لانسرز کو اسپین میں رہائش اور کام کی اجازت دینا ہے، بشرطیکہ وہ کسی غیر ہسپانوی کمپنی یا غیر ملکی کلائنٹس کے ساتھ کام کر رہے ہوں اور ان کی آمدنی کا 80 فیصد اسپین سے باہر سے آتا ہو۔
یہ ویزا ابتدائی طور پر ایک سال کے لیے جاری کیا جاتا ہے، جسے بعد میں توسیع دی جا سکتی ہے، اور ویزہ ہولڈر اپنے اہلِ خانہ کو بھی ساتھ لاسکتا ہے۔ درخواست گزار کو اپنے ریموٹ معاہدے، کم از کم ایک سال پرانے کاروبار یا ملازمت کا ثبوت، آمدنی کے ذرائع اور صاف کریمنل ریکارڈ کی دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی۔
اسپین کا یہ اقدام فری لانسرز اور ڈیجیٹل پروفیشنلز کے لیے ایک نایاب موقع ہے کہ وہ یورپ کے خوبصورت شہروں جیسے بارسلونا یا میڈرڈ میں رہ کر عالمی سطح پر کام جاری رکھ سکیں، اور بہترین طرزِ زندگی سے لطف اندوز ہو سکیں۔