کراچی: پاکستان کا معاشی مرکز اور روشنیوں کا شہر، ایک بار پھر خطرے کی زد میں آگیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کراچی میں موجود امریکی قونصل خانے کو ایسی معلومات ملی ہیں، جن کے مطابق شہر کے اعلیٰ درجے کے ہوٹلوں کو نشانہ بنائے جانے کا خدشہ ہے۔
اس الارمنگ اطلاع کے بعد امریکی حکومت نے فوری طور پر کراچی میں واقع فائیو اسٹار ہوٹلز پر سرکاری اہلکاروں کے داخلے پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔
یہ سیکیورٹی الرٹ نہ صرف امریکی عملے بلکہ عام شہریوں کے لیے بھی ایک سخت پیغام ہے: کراچی میں کوئی بھی محفوظ نہیں اگر دشمن نے نشانے پر لے لیا ہو۔
رپورٹ کے مطابق امریکی اہلکاروں کو ہجوم والی جگہوں، مشہور ہوٹلوں، بازاروں، مالز اور ان مقامات سے دور رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں جہاں غیر ملکیوں کی آمدورفت زیادہ ہوتی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں جب امریکی حکومت نے پاکستان کے مخصوص علاقوں میں سفر پر احتیاط کا مشورہ دیا ہو، مگر اس بار نشانہ خاص طور پر وہ جگہیں ہیں جو دنیا بھر میں پرتعیش قیام کے لیے جانی جاتی ہیں۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر یہ خدشات درست ثابت ہوئے تو نہ صرف کراچی کی سیاحتی صنعت متاثر ہو گی بلکہ بین الاقوامی سرمایہ کار بھی اپنی موجودگی محدود کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔
دوسری جانب برطانیہ کی وزارت خارجہ نے بھی خبردار کیا ہے کہ پاکستان کے مخصوص علاقوں کا سفر غیر ضروری ہے۔ یہ تمام وارننگز اس بات کی نشاندہی کر رہی ہیں کہ پاکستان میں امن و امان کی صورتحال عالمی سطح پر دوبارہ تشویش کا باعث بن رہی ہے۔