اسلام آباد: ناروے کپ کے دوران پاکستان کی مسلم ہینڈز فٹبال ٹیم کے نوجوان کھلاڑی امان اللہ رؤف بلوچ اوسلو میں اچانک غائب ہوگئے۔ ٹیم کے ترجمان کے مطابق، امان اللہ کا تعلق کراچی کے علاقے لیاری سے ہے اور وہ ناروے کپ کے پہلے ہی روز سے لاپتہ ہیں۔
مسلم ہینڈز ٹیم کے مطابق امان اللہ نے ایونٹ کی استقبالیہ تقریب میں بھی شرکت نہیں کی، اور ٹیم کے وطن واپسی کے بعد بھی ان کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ امان اللہ کا پاسپورٹ ناروے میں پاکستانی سفارتخانے کے پاس جمع کروا دیا گیا ہے اور ناروے پولیس سمیت سفارتخانہ کو صورتحال سے آگاہ کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ناروے کپ میں پاکستان کی بیٹر فیوچر پاکستان ٹیم نے انڈر 15 کا ٹائٹل جیت کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اس ٹیم کے کھلاڑی بھی زیادہ تر لیاری سے تعلق رکھتے ہیں اور پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہے، ہر میچ میں حریف ٹیموں کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کی۔
پاکستانی فٹبال کے شائقین اور ٹیم کے منتظمین امان اللہ کی خیریت کے لیے فکرمند ہیں اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ جلد صحت مند طور پر وطن واپس آئیں گے۔