ریاض : اطالوی فیشن سکول استیتیو مارانگونی 28 اگست کو ریاض میں اپنا پہلا کیمپس کھولنے جا رہا ہے، جو سعودی عرب کو عالمی فیشن مرکز بنانے کی جانب ایک تاریخی پیش رفت ہے۔ یہ نیا کیمپس کنگ عبداللہ فائنینشل ڈسٹرکٹ کے اندر ریاض کری ایٹیو ڈسٹرکٹ میں واقع ہوگا اور سعودی فیشن کمیشن کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔ ادارے نے سعودی مارکیٹ کا تفصیلی تجزیہ کرنے کے بعد اپنی تعلیم اور کورسز کو مقامی ضروریات اور عالمی معیار کے مطابق ڈھالا ہے۔
کیمپس میں تین سالہ انڈرگریجویٹ ایڈوانسڈ ڈپلومہ کورسز پیش کیے جائیں گے جو ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ کارپوریشن سے منظور شدہ ہوں گے۔ ان کورسز میں فیشن ڈیزائن، فیشن کمیونیکیشن، فیشن مینجمنٹ، ڈیجیٹل میڈیا، فریگرینسز اور کاسمیٹکس مینجمنٹ شامل ہوں گے۔ ان پروگرامز کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ وہ مقامی ثقافتی ورثے اور عالمی فیشن ٹرینڈز کو یکجا کر سکیں، جیسے کہ فیشن ڈیزائن پروگرام میں موڈیسٹ فیشن اور سلائی کو خصوصی طور پر شامل کیا گیا ہے۔
ادارے کی مینیجنگ ڈائریکٹر سٹیفانیا ویلینتی کے مطابق، "ریاض کیمپس صرف تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ ثقافتی تبادلے، تخلیقی اظہار اور خواتین کو بااختیار بنانے کا پلیٹ فارم ہوگا۔” کیمپس میں 50 طلبہ کو اسکالرشپ دی جائے گی جبکہ طلبہ کو دو سال ریاض میں پڑھنے کے بعد اپنا آخری سال پیرس یا لندن میں مکمل کرنے کا موقع ملے گا، جہاں سے وہ بیچلر کی ڈگری حاصل کریں گے۔

استیتیو مارانگونی دنیا بھر میں 45 ہزار سے زائد لگژری اور فیشن کمپنیوں کے ساتھ منسلک ہے اور اس کے گریجویٹس کی 91 فیصد ملازمت کی شرح ہے۔ اس کے فارغ التحصیل افراد میں ورساسی کے کری ایٹو ڈائریکٹر ڈاریو ویٹالے اور زینیا کے ڈائریکٹر الیساندرو سارتوری شامل ہیں۔ ادارہ سعودی طلبہ کو تعلیم کے بعد مقامی یا عالمی برانڈز میں ملازمت کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔
سعودی فیشن کمیشن کے CEO بوراک چاکماک نے اس منصوبے کو وژن 2030 کی کامیابی کی مثال قرار دیا۔ ان کے مطابق یہ فیشن سکول مقامی ٹیلنٹ کو عالمی معیار کی تربیت، جدت اور خود اعتمادی فراہم کرے گا تاکہ وہ سعودی تخلیقی کہانیوں کو دنیا کے رن ویز، اشتہارات، اور برانڈز کے ذریعے دنیا کے سامنے لا سکیں۔