سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری ایک بڑے تجارتی وفد کے ہمراہ تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ ذرائع کے مطابق سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان 3 سے 5 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا امکان ہے۔
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور پاکستان کے وزیر پیٹرولیم مصدق ملک، وزیر تجارت جام کمال خان اور وزیرِ نجکاری عبدالعلیم خان سمیت دیگر اعلٰی حکام نے نُور خان ایئربیس پر معزز مہمان اور ان کے وفد کا خیر مقدم کیا۔
سعودی وزیر سرمایہ کاری کے اس دورے کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تجارتی و سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینا ہے۔
سعودی وزیرِ سرمایہ کاری کا دورہ پاکستان ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب اسلام آباد میں آئندہ ہفتے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا اجلاس منعقد ہو رہا ہے۔
پاکستان کی گرتی ہوئی معاشی صورتحال کی بہتری کے لیے اس طرح کے ایونٹس اور وزٹس کا ہونا اچھا شگون ہے۔ وزیر پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ پاکستانی معیشت اب قدرے بہتر ہوچکی ہے اور آنے والے دنوں میں مزید بہتری کے امکانات ہیں۔