پاکستان پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کو امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کا دعوت نامہ موصول ہوگیا ہے۔
تقریب 20 جنوری کو امریکی دار الحکومت واشنگٹن ڈی سی میں ہوگی۔ پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول آئندہ ایک دو روز میں امریکہ کے لیے روانہ ہوجائیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری امریکی صدر ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے علاوہ امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی کی دیگر مختلف تقاریب میں بھی شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ کچھ عرصہ پہلے بلاول بھٹی زرداری نے صدر ٹرمپ کے خاندان سے مضبوط تعلقات کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے دور سے ان کے ٹرمپ فیملی سے قریبی مراسم قائم ہیں۔
تاہم انھوں نے کہا تھا کہ ذاتی اور فیملی کی سطح کے تعلقات سے ملکی اور ریاست کی سطح کے تعلقات زیادہ اہم اور بڑے ہوتے ہیں اور وہ انہی کو ترجیح دیتے ہیں۔
کچھ لوگوں نے یہ دعوی بھی کیا ہے کہ بلاول بھٹو اور صدر ٹرمپ کے بچوں اور داماد کے درمیان برطانیہ میں تعلیمی قیام کے دور کے اچھے موجود تعلقات ہیں، جن کا فائدہ بلاول اب اُٹھا رہے ہیں۔
بہر کیف بلاول بھٹو زرداری کو امریکہ کے نو منتخب صدر کی طرف سے تقریب حلف برداری میں شرکت کا دعوت نامہ موصول ہونا، ان کی عالمی سطح پر اچھی شہرت کی عکاسی کرتا ہے۔
باوجود اس بات کے کہ اس وقت بلاول بھٹو زرداری کے پاس کوئی سرکاری عہدہ نہیں ہے، انھیں دنیا کی سب سے بڑی طاقت کے صدر کی جانب سے مدعو کیا جانا، ان کی بین الاقوامی اہمیت کو واضح کرتا ہے۔