پنجاب میں زراعت کے میدان میں ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے، جہاں کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور زرعی سہولتیں ایک ہی جگہ دستیاب کرانے کے لیے ایک اہم منصوبہ متعارف کرایا گیا ہے۔
چولستان کے علاقے کنڈائی اور شاپو میں اس انقلابی زرعی منصوبے کا باضابطہ افتتاح کیا گیا، جس میں مختلف ترقیاتی اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔
تقریب میں گرین مال اینڈ سروس کمپنی، اسمارٹ ایگری فارم، اور زرعی تحقیق و سہولت مرکز کا آغاز کیا گیا، جس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خصوصی شرکت کی۔
ان کے علاوہ مختلف وفاقی اور صوبائی حکومتی عہدیدار بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
اپنے خطاب میں جنرل عاصم منیر نے پنجاب کو پاکستان کی زرعی ترقی کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیا اور یہاں کے کسانوں کی انتھک محنت اور جدید زراعت میں ان کے نمایاں کردار کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے گرین کارپوریٹ منصوبے کے تحت کم وقت میں حاصل کی جانے والی کامیابیاں ملک کی معیشت کو استحکام دینے میں اہم کردار ادا کریں گی۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ فوج ملکی معیشت کی ترقی میں اپنا تعاون جاری رکھے گی۔
نئے زرعی منصوبے کے تحت کسانوں کو جدید مشینری، ڈرون ٹیکنالوجی اور جدید آبپاشی کے طریقے رعایتی نرخوں پر فراہم کیے جائیں گے، تاکہ وہ اپنی پیداوار میں اضافہ کر سکیں۔
اس کے ساتھ ہی گرین ایگری مال اینڈ سروس کمپنی کے ذریعے معیاری بیج، کھاد، اور زرعی ادویات کم قیمت پر دستیاب ہوں گی، تاکہ کسانوں کو تمام سہولتیں ایک پلیٹ فارم پر مہیا کی جا سکیں۔
منصوبے کے تحت 5,000 ایکڑ پر پھیلا ایک جدید زرعی فارم بھی قائم کیا جا رہا ہے، جہاں نئے زرعی طریقوں اور جدید آبپاشی کے نظام کو اپنایا جائے گا۔
اس کا مقصد پانی کے کم استعمال کے ساتھ زیادہ اور معیاری پیداوار حاصل کرنا ہے۔
اس کے علاوہ زرعی تحقیق اور سہولت مرکز بھی قائم کیا جائے گا، جہاں زمین کی جانچ، جدید لیبارٹری سروسز اور تحقیقی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
یہ مرکز ملک بھر کے زرعی تعلیمی اور تحقیقی اداروں کے ساتھ قریبی روابط رکھے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ آج پنجاب میں جدید زراعت کے انقلاب کی بنیاد رکھ دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ کسانوں کی ترقی اور ملکی خوشحالی کا نیا سنگ میل ثابت ہوگا۔
اس موقع پر انہوں نے شہدا کے بچوں اور زخمی غازیوں میں زمین کے الاٹمنٹ لیٹرز بھی تقسیم کیے، تاکہ ان کی قربانیوں کا عملی اعتراف کیا جا سکے۔
تقریب میں وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر برائے آبی وسائل ڈاکٹر مصدق ملک، سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر زراعت و لائیو اسٹاک سید عاشق حسین کرمانی سمیت کئی دیگر حکومتی و عسکری شخصیات شریک ہوئیں۔