پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے، جن میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع اور عوامی روابط شامل ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کے درمیان ابوظہبی میں ملاقات ہوئی۔
جس میں دونوں رہنماؤں نے قریبی مشاورت اور اعلیٰ سطحی روابط کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا تاکہ علاقائی اور عالمی امور پر ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔
ملاقات کے دوران، اسحاق ڈار نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور امارات میں مقیم پاکستانی برادری کے کردار کو اجاگر کیا، جو دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کام کرتی ہے۔
اس موقع پر شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے پاکستان کے ساتھ اسٹریٹیجک تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور عرب امارات کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو سراہا۔
اماراتی وزارت خارجہ کے مطابق، متحدہ عرب امارات پاکستان کا چین اور امریکہ کے بعد تیسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور گزشتہ دو دہائیوں میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر چکا ہے۔
دونوں ممالک نے حالیہ برسوں میں اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی کوششیں تیز کی ہیں۔
جنوری 2024 میں، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان 3 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے تجارتی معاہدوں پر دستخط کیے گئے تھے۔
اس کے علاوہ، متحدہ عرب امارات میں مقیم دس لاکھ سے زائد پاکستانی نہ صرف ملک کی معیشت میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ ترسیلات زر کا ایک بڑا ذریعہ بھی ہیں۔