پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے عمران خان کے حوالے سے اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کسی بھی قسم کی معافی نہیں مانگیں گے، یہ بات بالکل ناممکن ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ عمران خان کے حقوق کو یقینی بنایا جائے گا، تاہم اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ جیل سے باہر آ کر سیاسی گفتگو نہیں کی جائے گی تاکہ امن و امان کی صورتحال خراب نہ ہو۔
سلمان اکرم راجا نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں سے بات چیت خوشگوار انداز میں جاری ہے اور پی ٹی آئی تمام جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے ذریعے آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے 23 مارچ کے دن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ "یہ ایک خوشی کا دن تھا، مگر لاہور میں پولیس نے کیک تک کاٹنے نہیں دیا، جو نہ صرف آئین کی پامالی تھی بلکہ شرافت کی بھی توہین تھی۔”
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی نے اس موقع پر کہا کہ ایم کیو ایم، پیپلز پارٹی اور ن لیگ اس وقت پی ٹی آئی کی مشکلات سے فائدہ اٹھا رہی ہیں، اور ان جماعتوں کو اپنے رویے پر نظرثانی کرنا ہوگی۔ تاہم، ان جماعتوں کے ساتھ بات چیت کا امکان کم ہی نظر آتا ہے۔