اسلام آباد میں وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ اور آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران رانا ثنا اللہ نے واضح کیا کہ سیاسی استحکام اور ترقی ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں، اور جمہوری روایات کو مضبوط کیے بغیر ملک میں استحکام ممکن نہیں۔ انہوں نے پاکستان کے عالمی سطح پر کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ملک خطے میں امن اور استحکام کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے ہمارے ادارے پرعزم ہیں۔
وفاقی وزیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مضبوط معیشت اور مؤثر خارجہ تعلقات کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے، اور آسٹریلیا کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کیے جا رہے ہیں۔
یہ ملاقات اس بات کا اشارہ ہے کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ تعلقات کو نئی جہت دینے اور اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن ہونے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے