پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف، جنرل سید عاصم منیر کی والدہ محترمہ رضائے الٰہی سے وفات پا گئیں۔
ان کی نماز جنازہ آج راولپنڈی میں ادا کی جائے گی، جس میں صدر مملکت، وزیراعظم، وفاقی وزراء، اراکین پارلیمنٹ، مسلح افواج کے اعلیٰ افسران اور جنرل عاصم منیر کے خاندان کے افراد شرکت کریں گے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے جنرل عاصم منیر کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور مرحومہ کے بلند درجات کے لیے دعاگو ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں جنرل عاصم منیر اور ان کے خاندان کے ساتھ ہیں اور اللہ تعالیٰ سے مرحومہ کی مغفرت اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرنے کی دعا کرتے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے بھی آرمی چیف کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ خبر سن کر دلی دکھ ہوا۔
انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ جنرل عاصم منیر اور ان کے خاندان کو صبر عطا فرمائے اور مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ والدین قدرت کا انمول تحفہ ہوتے ہیں اور ان کا بچھڑنا ناقابل تلافی نقصان ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں وہ جنرل عاصم منیر اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں اور دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی آرمی چیف کی والدہ کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ماں جیسی شفیق اور محبت کرنے والی ہستی کی رحلت یقیناً بڑا صدمہ ہے۔
انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کی مغفرت فرمائے اور جنرل عاصم منیر اور ان کے خاندان کو صبر جمیل عطا کرے۔
اس کے علاوہ، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام، اور دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات نے بھی آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحومہ کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے دعا کی۔