پاکستان کسان اتحاد کے چیئرمین خالد حسین باٹھ نے حکومت کے رویے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ "کسانوں کا استحصال بند کیا جائے ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی حکومت کسانوں سے گندم خریدنے میں دلچسپی نہیں لے رہی، جس کی وجہ سے کسان شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
خالد حسین باٹھ نے حکومت کو ایک حیران کن پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں منافع نہ دیں، بس پیداواری لاگت ادا کر کے گندم خرید لیں۔ ان کے مطابق کسان چاہتے ہیں کہ عوام کو سستا آٹا ملے، لیکن اگر حکومت واقعی غریبوں کو ریلیف دینا چاہتی ہے تو کسانوں سے مذاکرات کرے، ورنہ حالات مزید خراب ہوں گے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے اپنی ضد نہ چھوڑی تو آئندہ سیزن میں کسان گندم کاشت کرنے سے گریز کریں گے، جس سے ملک میں غذائی بحران پیدا ہو سکتا ہے۔ "اگر حکومت نے گندم نہ خریدی، تو کسان سڑکوں پر ہوں گے، خالد حسین باٹھ نے احتجاج کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ کسانوں کی محنت کا صلہ انہیں محرومی کی شکل میں دیا جا رہا ہے، جو سراسر ناانصافی ہے۔کیا حکومت کسانوں کی آواز سنے گی یا ایک اور بحران کا انتظار کرے گی؟ فیصلہ وقت کرے گا