اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قدرت نے پاکستان کو معدنیات کی بے پناہ دولت سے نوازا ہے، اور ملک کے پہاڑوں میں کھربوں ڈالر کا خزانہ دفون ہے۔ تاہم، دہشت گرد عناصر ان قدرتی وسائل سے پاکستان کے فائدہ اٹھانے کو روکنا چاہتے ہیں، اور ان کا مقصد ملک کی ترقی کو رکاوٹوں میں ڈالنا ہے۔
اسلام آباد میں منعقدہ "رب ذوالجلال کا احسان پاکستان” تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک عظیم تحفہ ہے جو اللہ تعالیٰ کی کرم نوازی سے حاصل ہوا، اور قیام پاکستان ہمارے لئے کسی معجزے سے کم نہیں تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ قوم آج ایک آواز میں یہ مطالبہ کر رہی ہے کہ ہم سب متحد ہوں تاکہ دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکے۔ پاکستان کی افواج اپنی جانوں کی قربانی دے رہی ہیں، اور اس عظیم قربانی کو رد کرنا یا تقسیم اور مذہبی منافرت کو فروغ دینا بے وفائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عزت و وقار کو داؤ پر لگایا جا رہا ہے، اور آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ ملک کے وسیع تر مفاد کے لیے، ہم اپنے ذاتی مفادات اور انا کو پاکستان کی خدمت میں پیش کریں گے۔ "پاکستان کو معدنیات کی دولت سے نوازا گیا ہے، مگر دہشت گردوں کا مقصد ان وسائل سے استفادہ کرنے سے ہمیں روکنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایسے عناصر جو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کو گوارا نہیں کرتے، وہ دراصل ہمارے دشمن ہیں، اور ہمیں بخوبی علم ہے کہ دہشت گردی کی مالی معاونت کہاں سے مل رہی ہے۔ ان کے مطابق دہشت گردی کا نیٹ ورک دور تک پھیل چکا ہے، اور اس کے تانے بانے عالمی سطح پر جڑے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری افواج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پاکستان کی حفاظت کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں، اور یہ وقت ہے کہ ہم ذاتی اختلافات کو پس پشت ڈال کر قومی یکجہتی اور اتفاق کا مظاہرہ کریں۔ "صرف اتحاد سے ہی ہم پاکستان کو ترقی کی راہوں پر گامزن کر سکتے ہیں اور عالمی سطح پر ایک مضبوط مقام حاصل کر سکتے ہیں۔”
شہباز شریف نے آخر میں کہا کہ آج پاکستان کا سب سے بڑا چیلنج اتحاد ہے، اور یہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کا واحد راستہ ہے۔