پاکستان نے بھارت کو اقلیتوں کے حقوق کے معاملے پر کرخت جواب دیا ہے، وزارت خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کا دعویٰ کہ وہ اقلیتوں کے حقوق کا محافظ ہے ایک مذاق سے زیادہ کچھ نہیں، انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت مسلسل اپنے ہی شہریوں خصوصاً مسلمانوں، عیسائیوں اور دلت برادری کے بنیادی حقوق پامال کر رہی ہے۔
ترجمان نے بھارت میں اقلیتوں کے خلاف ہونے والے مظالم کی تفصیل دیتے ہوئے کہا کہ سی اے اے جیسے امتیازی قوانین، بابری مسجد کا انہدام، گجرات اور دہلی میں قتل عام، اور گائے کے نام پر تشدد کی وارداتیں بھارت کے سیاہ ریکارڈ کا حصہ ہیں”۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ پاکستان میں ریاستی ادارے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بناتے ہیں جبکہ بھارت میں اقلیتوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ حکومتی سرپرستی میں جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو چاہیے کہ وہ دوسروں کو سبق دینے سے پہلے اپنے گھر کا نظام درست کرے۔ ترجمان نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پاکستان کے اقدامات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں اور ان کی عبادت گاہوں کو مکمل تحفظ حاصل ہے۔
انہوں نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت میں اقلیتوں کے خلاف ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سنجیدگی سے غور کرے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔