پاکستان کی توانائی کی صنعت کے لیے بڑی خوشخبری ہے ماڑی انرجیز لیمیٹڈ نے ڈیڑھ ماہ کے اندر شمالی وزیرستان سے گیس اور تیل کی تیسری بڑی دریافت کا اعلان کر دیا۔ کمپنی کے مطابق، وزیرستان بلاک میں مزید نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں، جو ملکی توانائی کے شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔
ماڑی انرجیز کے مطابق، تازہ ترین دریافت سے یومیہ 2 کروڑ 38 لاکھ مکعب فٹ گیس اور 122 بیرل خام تیل حاصل ہوگا، جو ملک کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ یہ اعلان ایسے وقت میں آیا ہے جب پاکستان کو مقامی سطح پر توانائی کے وسائل کی اشد ضرورت ہے۔
یہ پہلی بار نہیں کہ ماڑی انرجیز نے وزیرستان بلاک سے کامیابی حاصل کی ہو۔ مارچ 2025 میں کمپنی نے اسی بلاک سے دوسری دریافت کا اعلان کیا تھا، جس میں2 کروڑ 5 لاکھ مکعب فٹ یومیہ گیس اور 117 بیرل خام تیل کے ذخائر ملے تھے۔ جبکہ فروری 2025 میں پہلی دریافت میں بھی 1 کروڑ 30 لاکھ مکعب فٹ یومیہ گیس اور 20 بیرل یومیہ خام تیل کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔
یہ مسلسل تیسری بڑی دریافت ثابت کرتی ہے کہ شمالی وزیرستان میں قدرتی وسائل کی وسیع صلاحیت موجود ہے، اور ماڑی انرجیز کی کوششیں پاکستان کے توانائی کے مستقبل کو روشن کر رہی ہیں۔ کیا یہ دریافت پاکستان کی معیشت کو نئی بلندیوں تک لے جا سکے گی؟ وقت ہی بتائے گا، لیکن ایک بات یقینی ہےیہ پیش رفت ملکی توانائی کے شعبے کے لیے بہت بڑا بریک تھرو ہے