اسلام آباد: معاشی چیلنجز اور عالمی مالیاتی دباؤ کے باوجود پاکستان کی برآمدی صنعت نے ایک مرتبہ پھر خود کو منوایا ہے،ادارہ برائے شماریات پاکستان (PBS) کی تازہ رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ (جولائی تا مارچ) میں قومی برآمدات میں 7.67 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اعدادوشمار کے مطابق، رواں مالی سال کے ابتدائی نو مہینوں میں پاکستان نے 24.69 ارب ڈالر کا زرمبادلہ کمایا، جو کہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں حاصل کیے گئے 22.93 ارب ڈالر کے مقابلے میں 1.76 ارب ڈالر زائد ہے۔
برآمدات کی دوڑ میں مسلسل اضافہ سےمعیشت میں بہتری کےامکانات ہیں۔یہ اضافہ صرف وقتی نہیں بلکہ گزشتہ مالی سال کی جھلک بھی روشن رہی ہے، جب پاکستان کی برآمدات 10.54 فیصد اضافے کے ساتھ 27.72 ارب ڈالر سے بڑھ کر 30.64 ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھیں۔
ماہرین معیشت کے مطابق یہ پیش رفت نہ صرف ملکی معیشت کے لیے خوش آئند ہے بلکہ برآمدی شعبے میں بہتری کی جانب ایک مضبوط اشارہ بھی ہے، خاص طور پر ٹیکسٹائل، فارما، آئی ٹی، اور زرعی مصنوعات کی برآمدات میں اضافے کو اہم محرک قرار دیا جا رہا ہے۔
کیا یہ رفتار جاری رہ پائے گی؟
حکومتی پالیسیوں، ایکسپورٹرز کو دی جانے والی مراعات اور عالمی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی مانگ اگر برقرار رہی تو مالی سال کے اختتام تک یہ تعداد 33 ارب ڈالر کو بھی چھو سکتی ہے۔
یہ صرف اعداد نہیں یہ معیشت کی بحالی کی نوید ہے،پاکستان کے لیے یہ وقت امید، محنت اور پالیسیوں میں تسلسل کا ہے تاکہ برآمدات کی یہ مثبت لہر ایک طویل المدتی کامیابی میں بدل سکے۔