پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنے ایک حالیہ اعلان میں کہا ہے کہ اس سال پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوران پہلی بار مکمل میچ کی کمنٹری اردو میں پیش کی جائے گی۔
پی سی بی کے مطابق یہ اقدام ٹورنامنٹ کو پاکستانی شائقین کرکٹ تک مزید وسیع پیمانے پر پہنچانے کی ایک کوشش ہے۔
پاکستان میں کرکٹ کی کمنٹری کا آغاز ریڈیو اور ٹیلی ویژن کی ابتدائی ایام میں اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں کیا جاتا تھا۔
اس دوران عمر قریشی اور چشتی مجاہد جیسے مشہور مبصرین متوازی کوریج فراہم کرنے کے لیے دونوں زبانوں میں کمنٹری کرتے تھے۔
خاص طور پر ریڈیو پاکستان پر اردو میں کمنٹری بہت نمایاں تھی، جس نے کھیل کو عوام کے قریب لانے اور ملک کے مختلف حصوں میں اس کی رسائی کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
پی سی بی کے بیان کے مطابق اس اقدام سے پاکستانی شائقین کرکٹ کو اپنی قومی زبان میں پی ایس ایل میچز کے تمام جوش و جذبے اور ایکشن کا حصہ بننے کا موقع ملے گا۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ قدم اس ملک کے ان لاکھوں کرکٹ شائقین کے لیے اہم ہے جو اردو میں کمنٹری کی واپسی کا طویل عرصے سے انتظار کر رہے تھے۔
پاکستان سپر لیگ کا آئندہ ایڈیشن 11 اپریل سے 18 مئی تک چار مختلف شہروں لاہور، کراچی، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
پی سی بی نے مزید بتایا کہ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں کمنٹری پینلز اور نشریاتی انتظامات کی تفصیلات جلد ہی جاری کی جائیں گی۔
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے اس اعلان کو پی ایس ایل کے مداحوں کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ پاکستان کو یکجا کرنے والی ایک طاقت ہے، اور اردو میں کمنٹری پیش کر کے پی سی بی کا مقصد پی ایس ایل کے جوش اور توانائی کو پورے ملک کے شائقین کے قریب لے آنا ہے۔
یہ نیا قدم پی سی بی کی اس کوشش کا حصہ ہے کہ وہ کرکٹ کے کھیل کو پاکستان کے ہر کونے تک پہنچائے اور شائقین کو اپنی زبان میں بہترین کمنٹری کا تجربہ فراہم کرے۔