سعودی عرب کے وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح نے جمعرات کو اسلام آباد میں پاک سعودی بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات بہت دیرینہ ہیں۔ قیام پاکستان 47ء سے لیکر تاحال ہر میدان میں یہ تعلقات موجود ہیں۔
سن 51ء سے باقاعدہ ہر طرح کے تعلقات مسلسل بہتری کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ انھوں نہایت محبت سے کہا کہ پاکستان ہمارا دوست نہیں، ہم ایک ہی خاندان ہیں۔
خالد الفالح نے کہا کہ پاکستان ہمارا انتہائی با اعتناد پارٹنر ہے۔ شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان کو بہت عزیز سمجھتے ہیں۔ ہمیں یہاں آکر اپنے گھر جیسا ماحول ملتا ہے۔ اپنے لوگ ملتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا باہمی تعاون کا تعلق کسی معاہدے کا محتاج نہیں ہے۔ ہم ان معاہدوں سے ماوراء تعلق اور احساسات کے رشتے رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی وزیر برائے سرمایہ کاری کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران مجموعی طور پر 3 ارب ڈالرز سے لیکر ساڑھے پانچ ارب ڈالرز تک کی سرمایہ کاری کے معاہدے سائن ہوئے ہیں۔
سعودی وزیر سرمایہ کاری کے ہمراہ سعودی عرب کی 20 کمپنیاں پاکستان میں اپنا بزنس شروع کرنے کا پلان لیکر پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں۔ جن میں سے 2 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری اگلے چند ماہ میں متوقع ہے۔