سعودی عرب کی مشہور فاسٹ فوڈ چین "البیک” نے پاکستان میں آمد کا اعلان کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے بڑے سعودی کاروباری وفد میں شامل "البیک” کے چیف ایگزیکٹو آفیسر رامی ابو غزالہ نے پاکستانی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ "البیک” کی پاکستان میں آمد کے لیے، پاکستانی کمپنی "گو پیٹرولیم” کے ساتھ ابتدائی معاملات طے پا گئے ہیں۔
اس حوالے سے آرامکو کے ایک عہدیدار نے پاکستانی میڈیا کو بتایا کہ "البیک” کے حوالے سے فیزیبیلیٹی اسٹڈی مکمل ہوچکی ہے اور امید ہے کہ اگلے سال تک "البیک کا فرائی چکن” پاکستان میں بھی دستیاب ہوگا۔ ان کا کہنا تھا "البیک” کے آوٹ لیٹ نہ صرف سعودی آرامکو یعنی "گو پیٹرولیم” میں کھلیں گے بلکہ پاکستان بھر میں اس کے ریسٹورنٹ کھولنے کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔
رامی ابو غزالہ نے کہا ہم پاکستان میں مارکیٹ کا جائزہ لے رہے ہیں اور حکمت عملی ترتیب دے رہے ہیں۔ ان شاء اللہ بہت جلد آپ "البیک” کو پاکستان میں دیکھیں گے۔ کیونکہ ہم نے آرامکو اور "گو پیٹرولیم” کے ساتھ ملکر کام کرنا ہے، اس لیے ابھی کچھ چیزیں اور معاملات مزید ڈسکشن کے متقاضی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ اللہ کے فضل اور اس کی رحمت سے "البیک” اس وقت دنیا کا ایک بڑا فاسٹ فوڈ برینڈ ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ہم اس کے ذریعے پاکستانیوں کو بہترین سروس اور فوڈ فرا ہم کر سکیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت اور برادر اسلامی ملک ہے اور یہاں کے لوگ بہت اچھے ہیں۔
ہمارا یہ کام اور کاروبار اللہ کی امانت اور عطاء ہے۔ ہم اسے اُسی کی رحمت سے آگے بڑھا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ "البیک” کی فاسٹ فوڈ چین سعودی عرب کی سب سے بڑی فوڈ چین ہے اور دنیا کے 80 ممالک میں اس کا برینڈ رجسٹرڈ ہے۔ امید ہے کہ اگلے سال تک یہ برینڈ، سعودی کوالٹی کے ساتھ پاکستان میں بھی دستیاب ہوگا۔