آئی ایس پی آر کے مطابق راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت دو روزہ 84ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں ملکی سلامتی اور دفاع کے حوالے اہم مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں شریک فارمیشن کمانڈرز نے یرونی عناصر کی مدد سے ملکی سلامتی کے خلاف کیے جانے والے پروپیگنڈوں کی مذمت کی اور کہا کہ ایسی مذموم کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔
فارمیشن کمانڈرز نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ حکومت بے لگام غیر اخلاقی آزادی اظہارِ رائے کی آڑ میں زہر اُگلنے، جھوٹ اور معاشرتی تقسیم کا بیج بونے کے خاتمے کے لیے سخت قوانین وضوابط بنائے اور ان پر عمل درآمد کرائے۔
فارمیشن کمانڈرز نے کہا کہ سیاسی ومالی فوائد کی خاطر جعلی خبریں پھیلانے والوں کی نشاندہی کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
فوج، ملک و قوم کی خدمت بغیر کسی تعصب اور سیاسی وابستگی کے کرتی ہے۔ فوج تمام اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار اور چوکس ہے۔ فوج کا کام ملک کی حفاظت کرنا ہے اور فوج اپنا کام بلا خوف و خطر کرتی رہے گی۔
بیان کے مطابق کانفرنس کے شرکا نے کہا کہ ذاتی مفادات کے حصول کے لیے معصوم شہریوں کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرنے اور تشدد کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔