پاکستان کے نجی شعبے میں سال 2024 کے دوران سرمایہ کاری میں زبردست اضافہ ہوا۔ نجی شعبے میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 31 فیصد بڑھ کر 3.41 ارب ڈالر تک پہنچ گئی۔ سرمایہ کاری کی آمد میں 46 فیصد اضافہ ہوا جبکہ اخراج 93.5 فیصد اضافے کے ساتھ 1.04 ارب ڈالر تک جا پہنچا۔ مجموعی طور پر نجی شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری 23 فیصد بڑھ کر 2.25 ارب ڈالر ہوگئی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق، سال 2024 میں بیرونی سرمایہ کاری میں مجموعی طور پر 11.58 فیصد اضافہ ہوا۔ جنوری سے نومبر کے دوران یہ سرمایہ کاری 2.05 ارب ڈالر تک جا پہنچی، جو 2023 کے اسی عرصے میں 1.84 ارب ڈالر تھی۔ اس سے 21.34 کروڑ ڈالر کا اضافہ ظاہر ہوتا ہے۔
دوسری جانب، اسٹاک مارکیٹ اور سرکاری شعبے میں نمایاں انخلا دیکھنے کو ملا۔ 2024 کے ابتدائی 11 مہینوں کے دوران اسٹاک مارکیٹ سے 10.77 کروڑ ڈالر نکالے گئے، جن کی اوسط ماہانہ شرح 98 لاکھ ڈالر رہی۔ اسی طرح سرکاری شعبے سے 19.86 کروڑ ڈالر نکالے گئے، جن کی اوسط ماہانہ شرح 1.8 کروڑ ڈالر رہی۔