اسلام آباد: پاکستان کو توانائی کے شعبے میں بڑی سہولت حاصل ہو گئی ہے، کویت نے تیل کریڈٹ کی سہولت میں دو سال کی توسیع کر دی ہے، جو ملک کے معاشی استحکام کی سمت ایک اہم قدم قرار دی جا رہی ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق یہ سہولت کویت پیٹرولیم کی جانب سے پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) کو فراہم کی جا رہی ہے، جس سے نہ صرف ملکی زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم ہو گا بلکہ ایندھن کی بلاتعطل فراہمی بھی یقینی بنائی جا سکے گی۔
یہ پیش رفت وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور اسلام آباد میں تعینات کویتی سفیر کے درمیان ہونے والی اہم ملاقات کے بعد سامنے آئی، جس میں دونوں ممالک نے توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کویت کی جانب سے پاکستان کے لیے خصوصی رعایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کی توانائی ضروریات کو پورا کرنے میں گیم چینجر ثابت ہو گا۔
توانائی ماہرین اس فیصلے کو ایک مثبت اشارہ قرار دے رہے ہیں، جو نہ صرف موجودہ معاشی مشکلات میں کمی لائے گا بلکہ کویت اور پاکستان کے درمیان برادرانہ تعلقات کو بھی نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔