پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نےایک حالیہ تفصیلی انٹرویو میں امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی روابط کو وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سطح پر مضبوط اور وسیع تر شراکت داری قائم ہو، جو دونوں ملکوں کے لیے فائدہ مند ہو۔
محمد اورنگزیب نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نہ صرف امریکی منڈی سے مزید کپاس اور سویا بین درآمد کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے بلکہ وہ تجارتی رکاوٹوں اور محصولات کے معاملے میں ایک مثبت اور نتیجہ خیز ڈائیلاگ کا خواہاں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی مصنوعات پر اگر پاکستان کی جانب سے کوئی غیر ضروری ضابطے یا رکاوٹیں موجود ہیں تو حکومت ان کا جائزہ لینے کے لیے تیار ہے تاکہ تجارت میں آسانی پیدا کی جا سکے۔
وزیر خزانہ نے عندیہ دیا کہ بہت جلد پاکستان کا ایک اعلیٰ سطحی وفد امریکہ کا دورہ کرے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے دائرہ کار کو عملی شکل دی جا سکے۔
اس دورے کا مقصد باہمی تجارتی مفادات کو اجاگر کرنا اور ممکنہ شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کرنا ہوگا۔
انہوں نے امریکی کمپنیوں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان میں مختلف شعبوں بالخصوص معدنیات اور کان کنی جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں، جہاں خاطر خواہ مواقع موجود ہیں۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت پاکستان امریکی سرمایہ کاروں کے لیے ایک دوستانہ اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے گفتگو کے اختتام پر اس امید کا اظہار کیا کہ اگر دونوں ممالک تعمیری انداز میں آگے بڑھیں، تو نہ صرف تجارتی حجم میں اضافہ ہو سکتا ہے بلکہ دونوں معیشتوں کو دیرپا فوائد حاصل ہوں گے۔