وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے بھارت کی الزام تراشیوں کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلگام حملے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں، اور نہ ہی ہم دنیا کے کسی کونے میں دہشتگردی کی حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کے اندر کئی ریاستیں دہلی سرکار کے خلاف سراپا احتجاج ہیں، چھتیس گڑھ، منی پور اور ناگا لینڈ میں بغاوت کی فضا ہے، جبکہ وہاں اقلیتوں کے قتل عام نے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت کے لیے پاکستان پر انگلی اٹھانا تو آسان ہے، لیکن حقائق یہ ہیں کہ پاکستان خود دہشتگردی کا شکار رہا ہے، اور ہمارے پاس اس بات کے واضح ثبوت موجود ہیں کہ بلوچستان سمیت مختلف علاقوں میں انتشار پھیلانے کے پیچھے بھارتی ہاتھ کارفرما ہے۔
انہوں نے کہا کہ معصوم لوگوں کو جھوٹے پروپیگنڈے کی جنگ کا نشانہ نہیں بننا چاہیے۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے، جو خطے میں استحکام اور باہمی عزت کے ساتھ تعلقات کا خواہاں ہے، لیکن اگر الزام تراشی کی روش برقرار رہی تو ہم اپنے مؤقف اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔