وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت منعقدہ ایک اہم اجلاس میں صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کی نئی راہیں متعین کی گئیں، جہاں پہلی صوبائی ایئر لائن ‘ایئر پنجاب’ اور لاہور تا راولپنڈی بلٹ ٹرین منصوبے کی اصولی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ابتدائی طور پر چار جدید ایئربس طیارے لیز پر حاصل کیے جائیں گے، تاکہ اندرون ملک فضائی سفر کا فوری آغاز ممکن ہو سکے۔
حکومتی ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ ایئر پنجاب کے قیام میں جدید سفری سہولیات اور بین الاقوامی معیار کو یقینی بنایا جائے، تاکہ ایک سال کے اندر اندر اس ایئرلائن کو بین الاقوامی پروازوں کے لیے بھی فعال کیا جا سکے۔
مریم نواز نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ لیز پر لیے جانے والے طیارے تکنیکی طور پر جدید ترین ہوں اور ایئر پنجاب کو ملک کی بہترین ایئر لائن بنانے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں۔
دوسری جانب، اجلاس میں لاہور سے راولپنڈی کے درمیان پاکستان کی پہلی تیز رفتار بلٹ ٹرین چلانے کے منصوبے پر بھی مفصل تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس منصوبے کے تحت دونوں شہروں کے درمیان سفر کا وقت نمایاں حد تک کم ہو جائے گا اور جدید ٹرانسپورٹ کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ بلٹ ٹرین کے منصوبے کے لیے پاکستان ریلوے کے ساتھ اشتراک کار کی حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے، جس کی ذمہ داری صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کو سونپی گئی ہے۔
بلٹ ٹرین منصوبے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) ماڈل پر بھی غور جاری ہے تاکہ جدید سفری سہولیات کے قیام میں نجی شعبے کی شمولیت کو ممکن بنایا جا سکے۔
ابتدائی مرحلے میں لاہور سے شاہدرہ اور نارووال، لاہور سے رائیونڈ، قصور، پاکپتن اور لودھراں کے درمیان بھی ہائی سپیڈ ٹرینیں چلانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
مزید یہ کہ قلعہ شیخوپورہ سے جڑانوالہ، شورکوٹ، جھنگ اور سرگودھا تک بھی ہائی سپیڈ ٹرین نیٹ ورک بچھانے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ لالہ موسیٰ سے سرگودھا (براستہ ملکوال) اور فیصل آباد سے چک جھمرہ و شاہین آباد تک تیز رفتار ٹرین کے راستے ترتیب دیے جائیں گے تاکہ مختلف شہروں کو آپس میں مؤثر اور برق رفتاری سے جوڑا جا سکے۔
اس کے ساتھ ساتھ وزیراعلیٰ کی صدارت میں لاہور کے ماس ٹرانزٹ سسٹم کو مزید وسعت دینے کے منصوبے بھی زیر غور آئے۔
اجلاس میں لاہور میں ییلو لائن میٹرو پروجیکٹ اور گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان کی تیز رفتار تکمیل پر زور دیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے اختتامی کلمات میں کہا کہ پنجاب میں جدید ٹرانسپورٹ کے ان منصوبوں کا مقصد نہ صرف شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی سفری سہولیات فراہم کرنا ہے بلکہ معاشی ترقی، علاقائی رابطوں اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل سے پنجاب میں اقتصادی انقلاب کی راہ ہموار ہوگی۔