اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما عمر ایوب نے حکومت کی کمزوری اور مایوس کن ردعمل پر شدید تنقید کی ہے، اور کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے بھارت کے سامنے عملاً سرنڈر کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اور کابینہ میں بھارت کو جواب دینے کی ہمت نہیں، اور صرف بانی پی ٹی آئی ہی ایسے وقت میں دشمن کو مؤثر اور دوٹوک جواب دے سکتے ہیں۔
جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بھارت مسلسل حملے کی دھمکیاں دے رہا ہے، لیکن حکومت کا ردعمل اس کے مقابلے میں مایوس کن اور کمزوری کا مظہر ہے۔ ان کے مطابق، وزیر اعظم کی کاکول میں کی گئی تقریر میں پاکستان پر ایک زوردار ضرب لگائی گئی اور گھٹنے ٹیک دیے گئے ہیں۔
عمر ایوب نے دعویٰ کیا کہ وہ گزشتہ ایک ہفتے سے حکومت کو خبردار کر رہے ہیں کہ بھارت حملے کی تیاری کر رہا ہے، لیکن اس کے باوجود حکومت دوستی کی پینگیں بڑھا رہی ہے اور تحقیقاتی تعاون کی پیشکشیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حملہ بھارت کی اپنی ناکامی ہے، پاکستان کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ ہمیں اس موقع پر ایک واضح اور فیصلہ کن پیغام دینا چاہیے تھا کہ جہاں سے حملہ آیا، وہاں دشمن کو تباہ کر دیں گے۔ عمر ایوب نے معاشی بدانتظامی پر بھی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایران سے 500 ارب روپے سے زائد کا تیل اسمگل ہو رہا ہے، جبکہ ملک کی ریفائنریاں بند پڑی ہیں، جو ملک کی معاشی خرابی کی ایک اور واضح علامت ہے