اسلام آباد: پاکستان کو عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے ایک اور اہم سپورٹ ملی ہے، جب عالمی بینک نے 108 ملین ڈالر کی اضافی فنانسنگ کی منظوری دے دی ہے۔ اس مالی امداد کا مقصد ملک کے دیہی رابطوں کو بہتر بنانا اور سیاحتی شعبے کو مستحکم کرنا ہے۔
عالمی بینک کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، 78 ملین ڈالر کی خطیر رقم رورل ایکسیسبیلٹی پروجیکٹ کے لیے مختص کی گئی ہے۔ اس منصوبے کے تحت پاکستان کے دیہی علاقوں میں منڈیوں، روزگار کے مواقع اور دیگر بنیادی سہولیات تک رسائی بہتر بنائی جائے گی، جو ملک کی دیہی معیشت میں نئی روح پھونکے گا۔
دوسری جانب، عالمی بینک نے خیبرپختونخوا انٹیگریٹڈ ٹورازم ڈیولپمنٹ پراجیکٹ کے لیے 30 ملین ڈالر کی منظوری دی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد صوبے میں سیاحتی انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور قدرتی آفات کے خلاف مزاحمت کو مضبوط بنانا ہے۔
یہ مالی تعاون ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان معیشتی بحالی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور روزگار کے مواقع بڑھانے کی بھرپور کوششوں میں مصروف ہے۔ عالمی بینک کا یہ قدم نہ صرف پاکستان پر اعتماد کا اظہار ہے بلکہ عالمی برادری کی جانب سے ترقیاتی ایجنڈے میں شراکت داری کی ایک اہم مثال بھی ہے