اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے رات گئے ہنگامی پریس بریفنگ میں انکشاف کیا ہے کہ مصدقہ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق بھارت آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں کے دوران پاکستان کے خلاف کسی بھی ممکنہ فوجی کارروائی کی تیاری کر رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر بھارت نے کسی بھی مہم جوئی کی جرات کی تو پاکستان کی جانب سے فوری، فیصلہ کن اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
عطا تارڑ نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں جج، جیوری اور جلاد” بننے کا خودساختہ بھارتی کردار نہ صرف غیر ذمہ دارانہ ہے بلکہ یہ خطے کے امن کے لیے خطرناک ترین رجحان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے اور اس مسئلے کے درد کو دنیا سے بہتر سمجھتا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ شفاف تحقیقات کی حمایت کی ہے اور ایک غیر جانبدار بین الاقوامی کمیشن کے ذریعے پہلگام حملے کی آزادانہ تحقیقات کی پیشکش کی ہے، مگر بھارت نے تصادم کے راستے کو چن کر اپنی بدنیتی اور سیاسی ایجنڈے کو بے نقاب کر دیا ہے۔
انہوں نے بھارت کو عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کرتے ہوئےکہا کہ پاکستان ہر قیمت پر اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرے گا، اور دنیا کو یاد رکھنا چاہیے کہ کسی بھی جارحیت کی ذمہ داری مکمل طور پر بھارت پر عائد ہوگی۔
پہلگام حملے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کےتناظر میں یہ بیان نہ صرف ایک واضح انتباہ ہےبلکہ عالمی برادری کے لیے ایک موقع ہے کہ وہ بھارت کے ممکنہ جنگی جنون کو روکنے کے لیے سفارتی کردار ادا کرے۔