پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ یہ کہنا کہ لاکھوں کروڑوں لوگ تیار ہیں کال دیں، کال میں کل دے دوں گا۔ لیکن 24 نومبر (2024) کو میں لاہور کی سڑکوں پر موجود تھا، میں لوگوں کو ڈھونڈتا رہا لیکن کوئی بھی نہیں نکلا تھا۔
یہ کہنا کہ لاکھوں کروڑوں لوگ تیار ہیں کال دیں، کال میں کل دے دوں گا۔ 24 نومبر کو میں لاہور کی سڑکوں پر موجود تھا، میں لوگوں کو ڈھونڈتا رہا لیکن کوئی بھی نہیں نکلا تھا
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ’ایکس سپیس‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ 24 نومبر کو میں لاہور کی سڑکوں پر گھومتا رہا لیکن کوئی نظر نہیں آیا۔ لوگوں نے کہا تھا کہ ہم فلاں جگہ آئیں اور پولیس کو چکمہ دے کر اور بیرئیر کو توڑتے ہوئے نکل جائیں گے، مگر میں لوگوں کو ڈھونڈتا رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ کہا گیا تھا کہ ایک قافلہ فلاں پوائنٹ سے نکلے گا، پولیس کو انگیج کیا جائے مگر ایسا اس دن کچھ بھی نہیں ہوا تھا۔ کال تو میں کل دے دوں گا مگر ہمیں بہت سوچ سمجھ کر آگے بڑھنا ہوگا۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 13 نومبر 2024 کو اڈیالہ جیل سے ایک پیغام کے ذریعے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاجی مارچ کی ’فائنل کال‘ دی تھی۔ انہوں نے اس احتجاج کو چوری شدہ مینڈیٹ کے خلاف اور آئین میں حالیہ تبدیلیوں کے خلاف تحریک قرار دیا تھا۔ انہوں نے اپنے حامیوں سے اپیل کی تھی کہ وہ اسلام آباد پہنچیں تاکہ حکومت پر دباؤ ڈالا جا سکے۔