پاکستان پر بزدلانہ بھارتی حملہ، وکٹوریہ ہسپتال نے 7 شہادتوں کی تصدیق کر دی۔ دشمن کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا
بھارت نے اپنی روایتی بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کیا، جس میں تین مختلف شہروں کو نشانہ بنایا گیا۔ آزاد کشمیر کے علاقے کوٹلی اور مظفرآباد کے ساتھ ساتھ جنوبی پنجاب کے بہاولپور میں بھی بھارتی میزائل داغے گئے، جنہوں نے سویلین آبادی کو نشانہ بنایا۔ احمد پور شرقیہ میں واقع مسجد سبحان اللہ پر براہِ راست حملہ کیا گیا، جہاں عبادت میں مصروف نہتے پاکستانی شہریوں پر قیامت ڈھائی گئی۔ وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور نے 7 شہادتوں کی تصدیق کر دی ہے، جن میں ایک معصوم بچہ بھی شامل ہے، جب کہ ایک عورت اور ایک مرد شدید زخمی حالت میں زیرِ علاج ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ بھارت کا یہ شرمناک اور بزدلانہ حملہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ دشمن نے رات کے اندھیرے میں نہتے شہریوں پر وار کر کے اپنی کمزور سوچ اور دہشت پسندانہ ذہنیت کو بے نقاب کیا ہے۔ پاکستان اس حملے کا جواب وقت اور جگہ کا تعین خود کرے گا اور وہ جواب ایسا ہوگا جسے تاریخ یاد رکھے گی
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی جوابی کارروائی کا آغاز ہو چکا ہے، جبکہ بھارت کی وزارتِ دفاع نے بھی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے 9 مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ اعتراف بذاتِ خود بھارت کے جنگی جنون کا ثبوت ہے۔ پاکستانی قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ ہے اور اب دشمن کو بھرپور اور فیصلہ کن جواب دینے کا وقت آ چکا ہے۔