راولپنڈی / نئی دہلی:پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے رات کی تاریکی میں کیے گئے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے نہ صرف دشمن کے 5 جنگی طیارے اور 2 کمبیٹ ڈرونز مار گرائے بلکہ بھارتی بریگیڈ ہیڈ کوارٹر کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ اس زبردست کارروائی کے بعد بھارت نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے مختلف مقامات پر سفید جھنڈے لہرا کر اپنی شکست کا اعتراف کرلیا۔
بھارتی میڈیا اور فوجی حلقے پاکستان کی عسکری صلاحیتوں سے لرزہ براندام نظر آتے ہیں۔ معروف بھارتی اینکر ارناب گوسوامی کے متنازع شو میں بھی پاک فوج کی طاقت کا اعتراف کیا گیا۔ دوران شو جب میزبان نے سابق بھارتی ائیر مارشل سنجیو کپور سے رائے لی تو ان کا کہنا تھا
پاکستان ضرور آئے گا، ان کی فوج بہت تگڑی ہے۔ میں نے پہلے ہی اس صورتحال کے لیے خود کو تیار رکھا ہے، کیونکہ پاکستان کے پاس ایک پروفیشنل اور طاقتور فوج ہے۔
یہ بیان بھارتی ایوانوں میں گونج کی مانند سنا گیا اور عوامی سطح پر بھی شرمندگی کا باعث بنا۔ دفاعی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ بھارتی فضائیہ اور فوج، پاکستانی ردعمل کے اندازے میں بری طرح ناکام ہوئی۔
دوسری جانب، ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت نے اپنی جارحیت میں مساجد، سول آبادی اور ہائیڈرو پاور اسٹرکچر کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 26 بے گناہ پاکستانی شہری شہید ہوئے۔ لیکن پاکستانی ردعمل نے واضح کر دیا کہ ہر بزدلانہ وار کا جواب بہادری اور جرأت سے دیا جائے گا۔
پاکستانی قوم اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور ہر جارحیت کا جواب دوگنا دینے کے لیے پرعزم ہے۔ بھارت کی جانب سے سفید جھنڈے لہرا کر پسپائی اختیار کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ دشمن اب پاکستانی افواج کے سامنے جھکنے پر مجبور ہوچکا ہے۔