اسلام آباد :ڈیجیٹل پاکستان میں ایک نئی روح پھونکی گئی ہے، کیونکہ سماجی رابطوں کی مقبول ترین مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ "ایکس” (سابقہ ٹوئٹر) بالآخر ڈیڑھ سال کی غیر علانیہ بندش کے بعد پاکستان بھر میں بحال کر دی گئی۔ صارفین نے بحالی کا جشن منایا اور اپنی آواز دوبارہ دنیا تک پہنچانے کا موقع پا کر ایک نئی توانائی محسوس کی۔
ایکس کو فروری 2024 میں عام انتخابات کے فوراً بعد اچانک بند کر دیا گیا تھا۔ حکومت نے اس وقت سرکاری طور پر کوئی اعلان تو نہ کیا، مگر وزارت داخلہ نے بعد ازاں عدالتوں کو بتایا کہ ملک دشمن عناصر انتخابات کے بعد ایکس پر غلط معلومات اور انتشار انگیز مواد پھیلا رہے تھے، جنہیں روکنے کے لیے سروس معطل کی گئی۔
متعدد شہریوں، صحافیوں اور سماجی کارکنوں نے اس بندش کو اظہار رائے پر پابندی قرار دیتے ہوئے عدالتوں سے رجوع کیا۔ سندھ ہائی کورٹ سمیت دیگر عدالتوں میں سماعتیں ہوئیں، جہاں پی ٹی اے نے وزارت داخلہ کی ہدایت پر سروس معطلی کا دفاع کیا۔ مؤقف تھا کہ "ایکس انتظامیہ نے حکومتی احکامات پر عمل نہیں کیا اور انتشار پھیلانے والے اکاؤنٹس کو بند کرنے سے انکار کیا۔”
7 مئی کو بھارت کی جانب سے پاکستان کے 6 علاقوں پر حملہ اور پاک فوج کی جانب سے بھارتی جنگی طیارے مار گرانے کے بعد اچانک منظرنامہ بدل گیا۔ ایکس پر پاکستانی صارفین کی غیر موجودگی کا خلا نمایاں تھا – اور شاید یہی وہ لمحہ تھا جب حکومت نے ڈیجیٹل محاذ پر عوام کو واپس میدان میں لانے کا فیصلہ کیا۔ بغیر کسی اعلان کے، ایکس کی سروسز ازخود بحال کر دی گئیں۔
ایکس پر بحالی کے فوری بعد #IndiaStrikesBackFails، #PakistanZindabad اور #ISupportPakArmy جیسے ہیش ٹیگز ٹرینڈ کرنے لگے۔ پاکستانی صارفین نے بھارتی حملے کی مذمت کی، افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا عہد کیا اور سچ دنیا کے سامنے لانے کے لیے ایکس کا استعمال بھرپور انداز میں شروع کیا۔
پاکستان میں ایکس کے تقریباً 45 لاکھ صارفین ہیں، مگر اس کی طاقت صرف تعداد میں نہیں بلکہ رائے سازی، صحافت اور عوامی شعور کو جِلا بخشنے میں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نشریاتی ادارے، سیاسی تجزیہ کار اور عالمی مبصرین بھی ایکس کی سرگرمیوں کو باریک بینی سے مانیٹر کرتے ہیں۔
پی ٹی اے حکام نے مختصر گفتگو میں سروس بحال ہونے کی تصدیق تو کی، مگر یہ واضح نہیں کیا کہ یہ بحالی مکمل اور مستقل ہے یا صرف عارضی اقدام۔ بہرحال، عوام کے لیے یہ لمحہ اظہار کی آزادی کی جانب ایک قدم ہے، جسے وہ ضائع کرنے کو تیار نہیں۔
ایکس کی بحالی صرف ایک سروس کی بحالی نہیں، یہ ایک بیان ہے کہ پاکستانی عوام اب صرف سرحد پر ہی نہیں، ڈیجیٹل محاذ پر بھی تیار ہیں۔ اور یہ کہ سچ کو دبانا آسان نہیں، کیونکہ "ٹائم لائن” پھر سے زندہ ہے!