لاہور: پنجاب حکومت نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی اور امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر صوبے بھر کے تمام تعلیمی اداروں کو تین روز کے لیے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے اس ضمن میں باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے ڈان نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ یہ فیصلہ عوامی تحفظ اور طلبا کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سرکاری و نجی اسکول، کالجز اور یونیورسٹیاں جمعہ، ہفتہ اور اتوار (9 سے 11 مئی) تک بند رہیں گی، جب کہ تدریسی سرگرمیاں پیر 12 مئی سے بحال کر دی جائیں گی۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ موجودہ علاقائی تناؤ کے پیش نظر یہ قدم وقتی مگر ضروری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔ محکمہ تعلیم کے سیکریٹری نے بھی اس فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تمام ضلعی افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
حکومت نے والدین، طلبا اور تعلیمی اداروں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سیکیورٹی کے موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومتی فیصلے کی مکمل پابندی کریں۔