راولپنڈی (خصوصی رپورٹ) ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے دوٹوک الفاظ میں واضح کر دیا ہے کہ پاکستان کی حراست میں بھارت کا کوئی بھی پائلٹ موجود نہیں، بھارتی میڈیا پر چلنے والی خاتون پائلٹ کی گرفتاری کی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا گیا کہ یہ محض پروپیگنڈا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے سینئر افسران کے ہمراہ اہم پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا، مگر سیز فائر کی درخواست ہم نے نہیں، بھارت نے کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا لیکن دشمن کو بھی بتا دیا کہ وطن عزیز کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان نے دو اہم مقامات پر بھارت کے جدید S-400 ایئر ڈیفنس سسٹمز کو کامیابی سے نشانہ بنایا، جس پر دشمن کو ناقابلِ تلافی دھچکا لگا۔ اس کے علاوہ راجوری اور نوشہرہ میں موجود ملٹری بریگیڈز کو تباہ کیا گیا، اور سورت گڑھ، سرسہ، آسم پور، اونتی پورہ، اودھم پور اور پٹھان کوٹ جیسے اہم بھارتی ملٹری مراکز پر کامیاب حملے کیے گئے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ اُڑی نیٹ ورک اسٹیشن اور پونچھ ریڈار کو بھی ہدف بنایا گیا، دشمن کے مواصلاتی نظام اور ایئر ڈیفنس کو مفلوج کر دیا گیا۔ انہوں نے کہاہم نے ابھی اپنی تمام صلاحیتیں استعمال نہیں کیں، کچھ حربے محفوظ رکھے ہیں، وقت آنے پر وہ بھی استعمال ہوں گے
پاکستان کی جانب سے محدود صلاحیت کے استعمال کے باوجود، بھارتی افواج کو زبردست جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ اس بریفنگ سے بھارت کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستان نہ صرف چوکنا ہے بلکہ دشمن کی ہر چال کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے