اسلام آباد: حکومت پاکستان نے معرکہ حق "آپریشن بنیان مرصوص” کی شاندار کامیابی اور دشمن کو شکست دینے پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری) کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے معرکہ کی کامیابی کو قوم کے لیے فخر کا باعث قرار دیتے ہوئے اس فیصلے کی توثیق کی۔
وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت اجلاس میں کابینہ نے پاکستان کی سرحدی سالمیت کو یقینی بنانے اور دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے پر جنرل عاصم منیر کی قیادت کو سراہا، جنہوں نے "آپریشن بنیان مرصوص” میں تاریخ ساز کامیابی حاصل کی۔ کابینہ نے اس شجاعانہ قیادت کے اعتراف میں جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی تجویز منظور کی۔
یہ فیصلہ پاکستان کی عسکری تاریخ میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، کیونکہ جنرل عاصم منیر دوسری شخصیت ہیں جنہیں یہ اعزاز دیا گیا، اس سے پہلے یہ اعزاز صرف جنرل ایوب خان کو حاصل تھا۔ وزیرِ اعظم نے اس کامیابی کو قومی یکجہتی اور پاکستانی افواج کی بے مثال قربانیوں کا نتیجہ قرار دیا۔
جنرل عاصم منیر نے فیلڈ مارشل کا اعزاز ملنے پر قوم، افواج پاکستان اور شہدا کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ یہ اعزاز ملک کی دفاعی طاقت کی علامت ہے۔