اسلام آباد : پاکستان میں عیدالاضحیٰ 2025 کی ممکنہ تاریخ کا تعین ہوگیا ہے۔ اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے پیشگوئی کی ہے کہ رواں سال عیدالاضحیٰ 7 جون بروز ہفتہ کو منائے جانے کے قوی امکانات ہیں۔ یہ خوشخبری جیسے ہی منظرِ عام پر آئی، ملک بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، اور لوگ قربانی کی تیاریوں میں جُت گئے۔
سپارکو کے مطابق ذی الحج کے نئے چاند کی پیدائش 27 مئی 2025 کو صبح 08 بج کر 02 منٹ پر ہوگی، جو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق ہے۔ تاہم، اسی روز چاند کی عمر غروب آفتاب کے وقت 11 گھنٹے 34 منٹ ہوگی، جو رویت کے لیے ناکافی تصور کی جاتی ہے۔ اس فلکیاتی حقیقت کی روشنی میں 27 مئی کو چاند نظر آنے کے امکانات تقریباً نہ ہونے کے برابر ہیں۔
یکم ذی الحج اور عیدالاضحیٰ کی ممکنہ تاریخ کا اعلان کردیاگیاہے۔سپارکو کی پیشن گوئی کے مطابق یکم ذی الحج 29 مئی 2025 (جمعرات) کو ہونے کی توقع ہے۔ اس بنیاد پر عیدالاضحیٰ 7 جون 2025 (ہفتہ) کو منائے جانے کا امکان ہے، جو اسلامی تقویم کے مطابق 10 ذی الحج کی تاریخ بنتی ہے۔
اگرچہ سپارکو نے فلکیاتی پیشگوئی جاری کی ہے، لیکن عیدالاضحیٰ کی حتمی تاریخ کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔ شرعی اصولوں کے تحت چاند کی رویت کے بغیر اسلامی مہینے کا آغاز نہیں کیا جا سکتا، اس لیے عوام کو چاہیے کہ وہ رویت ہلال کمیٹی کے سرکاری اعلان کا انتظار کریں۔
جوں ہی یہ خبر عام ہوئی، ملک بھر میں عید کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے۔ مویشی منڈیاں سجنے لگی ہیں، قربانی کے جانوروں کی خریداری کے لیے شہریوں نے معلومات لینا شروع کر دی ہیں، اور قصائیوں کی مانگ میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
عیدالاضحیٰ صرف قربانی کا دن ہی نہیں، بلکہ ایثار، محبت، اور خلوص کا مظہر ہے۔ یہ دن ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت اور فدیہ کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے۔
سپارکو کی یہ پیشگوئی عوام کے لیے ایک رہنمائی ضرور ہے، مگر عیدالاضحیٰ کی شرعی تاریخ کا تعین صرف مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔