پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوستی اور قریبی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اہم سفارتی رابطہ آج ہوا۔ پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک پر رابطہ کیا۔
اس گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے مختلف شعبوں میں جاری دوطرفہ تعاون کا تفصیلی جائزہ لیا اور مستقبل میں اسے مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلی اعلامیے میں بتایا گیا کہ اس رابطے کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان پائے جانے والے گہرے تعلقات کو مزید فروغ دینا اور مختلف سیاسی، معاشی و سفارتی امور پر مشاورت کو آگے بڑھانا تھا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے مختلف اہم معاملات، جن میں باہمی دلچسپی کے امور شامل تھے، پر تفصیلی گفتگو کی اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کی معاشی اور سفارتی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور اسے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور بھائی چارے کی علامت قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور ان تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
دونوں رہنماؤں نے خطے میں رونما ہونے والی تازہ جیوپولیٹیکل پیش رفتوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے علاقائی استحکام، امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز، اور عالمی سطح پر مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ جیسے اہم موضوعات پر ایک دوسرے کے مؤقف سے آگاہی حاصل کی۔
اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ موجودہ دور میں مسلم دنیا کو درپیش مسائل کے حل کے لیے قریبی سفارتی مشاورت اور باہمی تعاون ازحد ضروری ہے۔
اس گفتگو کو دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر جاری روابط کی ایک کڑی قرار دیا گیا ہے جو نہ صرف باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جا رہی ہے بلکہ خطے کے لیے بھی مثبت پیغام کی حیثیت رکھتی ہے۔