باکو/لاچین : پاکستان کی فعال سفارت کاری کا سفر جاری، وزیراعظم شہباز شریف دوست ممالک کے دورے کے اگلے مرحلے میں ایران کا کامیاب دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد اب آذربائیجان پہنچ چکے ہیں، جہاں وہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے مابین سہ فریقی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم کی آمد صدر الہام علیئیف کی دعوت پر لاچین ایئرپورٹ پر ہوئی، جہاں ان کا پرتپاک استقبال آذربائیجان کے وزیر خارجہ اور پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین نے کیا۔ ان کے اس دورے کو نہ صرف خطے میں تعلقات کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے بلکہ تجارتی، سیاسی اور دفاعی اشتراک کی نئی راہیں بھی ہموار ہو رہی ہیں۔
وزیراعظم کے دفتر کے مطابق شہباز شریف آذربائیجان میں سہ فریقی اجلاس میں شرکت کے بعد تاجکستان روانہ ہوں گے، جہاں علاقائی تعاون اور ترقی کے مزید امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کا دو روزہ دورہ مکمل کیا، جہاں انہوں نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای، صدر مسعود پزشکیان اور دیگر اعلیٰ حکام سے تفصیلی ملاقاتیں کیں۔
ایرانی سپریم لیڈر نے پاکستان کے مسئلہ فلسطین پر دوٹوک اور غیر متزلزل مؤقف کو "قابلِ ستائش” قرار دیتے ہوئے شہباز شریف کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔
بھارت کی جانب سے پاکستان پر مسلط کی گئی جنگ کے دوران ایران کی امن کوششوں کو سراہا گیا
وزیراعظم کے مسلسل سفارتی دورے اس بات کا مظہر ہیں کہ پاکستان دنیا میں امن، تعاون اور ترقی کا سفیر بن کر ابھر رہا ہے۔ ایران، آذربائیجان اور آئندہ تاجکستان کے دورے سے نہ صرف تجارتی و دفاعی شراکت داری مضبوط ہوگی بلکہ امت مسلمہ کے اندر اتحاد اور یکجہتی کا پیغام بھی گونجے گا۔ یہ صرف دورے نہیں، بلکہ پاکستان کے فعال، باوقار اور مضبوط سفارتی تشخص کی گواہی ہیں