آج پاکستان میں یوم تکبیر انتہائی جوش و خروش اور قومی وقار کے جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، کیونکہ 28 مئی 1998 کو اسی دن وطنِ عزیز نے جوہری دھماکے کرکے دنیا کی ساتویں اور مسلم دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
اس تاریخی موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور افواج پاکستان نے ملک کی خودمختاری، علاقائی استحکام اور دفاعِ وطن کے غیر متزلزل عزم کو ایک مرتبہ پھر دہرایا ہے۔
یومِ تکبیر کے اس قومی دن پر صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام دراصل ملک کی سلامتی، خودمختاری اور خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھنے کی حکمت عملی کا اہم ستون ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ دفاعی صلاحیت اس مقصد کے لیے حاصل کی گئی تھی تاکہ کوئی دشمن ہماری قومی خودمختاری کو چیلنج نہ کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کو اس سنگ میل پر فخر ہے، جو ہمارے سائنسدانوں، انجینئروں اور قیادت کی بصیرت کا نتیجہ ہے۔
اسی طرح وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں ایٹمی طاقت کے حصول کو قومی عزم، اتحاد، اور سائنسی ترقی کی علامت قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 1998 میں کیے گئے ایٹمی تجربات نے جہاں پاکستان کو ناقابل تسخیر دفاع فراہم کیا، وہیں یہ ہماری سائنسی اور قومی خودانحصاری کی ایک شاندار مثال بھی ہیں۔
وزیر اعظم نے اس موقع پر قوم کو یاد دلایا کہ اب وقت ہے کہ ہم معاشی میدان میں بھی اسی طرح مضبوط بننے کے لیے ایک نیا عزم کریں اور ترقی، امن اور خودمختاری کے سفر کو آگے بڑھائیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ خصوصی بیان میں کہا گیا کہ یوم تکبیر محض ایک دن کی یادگار نہیں بلکہ یہ اُس لمحے کا جشن ہے جب پاکستان نے دنیا کو یہ پیغام دیا کہ وہ اپنے دفاع اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
ترجمان کے مطابق جوہری پروگرام کی بنیاد صرف دفاعی حکمت عملی پر مبنی ہے اور یہ "قابلِ اعتبار کم سے کم ڈیٹرنس” کے اصول کے تحت علاقائی امن کے قیام کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت قوم کی اجتماعی خواہشات، قومی وقار، اور امن کی خواہش کی عکاس ہے۔ یہ نہ صرف ہماری سٹریٹیجک قوت کا مظہر ہے بلکہ یہ دن ان لاکھوں پاکستانیوں کی قربانیوں اور ان عظیم سائنسدانوں، انجینئروں اور دفاعی ماہرین کو خراج تحسین پیش کرنے کا موقع بھی ہے جنہوں نے اس خواب کو حقیقت میں بدلا۔
مزید کہا گیا کہ افواج پاکستان ملکی دفاع کی پہلی دیوار ہونے کے ناطے یہ یقین دلاتی ہیں کہ وہ ہر خطرے کے خلاف ہمہ وقت تیار ہیں اور اپنی جوہری صلاحیت کو ایک مقدس قومی امانت سمجھتی ہیں۔
پاکستان کی مسلح افواج نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ قوم کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتی ہیں اور ان تمام گمنام ہیروز کا احترام کرتی ہیں جنہوں نے ایٹمی صلاحیت حاصل کرنے کے لیے قربانیاں دیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ہماری سٹریٹیجک فورسز ہر وقت چوکنا ہیں اور اس امر کو یقینی بناتی ہیں کہ پاکستان کی جوہری صلاحیت کا استعمال صرف اور صرف دفاعی مقاصد کے لیے ہو۔ ہم پُرامن بقائے باہمی کے قائل ہیں، لیکن کسی بھی جارحیت کی صورت میں ملکی دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔
یوم تکبیر کی اس مناسبت سے ملک بھر میں مختلف تقریبات، سیمینارز، دعائیہ مجالس اور قومی پرچم کشائی کی تقاریب منعقد کی جا رہی ہیں۔
عوام، طلبہ، اساتذہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وطن کے دفاع اور ترقی کے عزم کا اعادہ کر رہے ہیں۔