کراچی:پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج سرمایہ کاروں کا جوش و خروش دیدنی رہا، جب مارکیٹ نے تاریخ کا نیا سنگ میل عبور کرتے ہوئے 100 انڈیکس کو پہلی بار ایک لاکھ 24 ہزار پوائنٹس کی سطح سے بلند کر دیا۔ بجٹ 2025-26 کی مثبت تجاویز اور کاروباری اعتماد میں اضافے نے مارکیٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا۔
بدھ کے روز کاروبار کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں زبردست 1985 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں انڈیکس 124,010 پوائنٹس پر بند ہوا۔ دن کے دوران انڈیکس مختصر وقت کے لیے 124,040 کی بلند ترین سطح پر بھی پہنچا، جو کہ اسٹاک مارکیٹ کی تاریخ کا ایک نیا ریکارڈ ہے۔
ایک دن پہلےیعنی بدھ کو بھی بجٹ کی آمد سے قبل مارکیٹ پر جوش دکھائی دیا، جب انڈیکس 383 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 122,024 پر بند ہوا تھا اور دن بھر کی بلند ترین سطح 122,611 ریکارڈ کی گئی تھی۔
آج کے کاروباری سیشن میں سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور دلچسپی دیکھنے میں آئی۔ مجموعی طور پر 59 کروڑ شیئرز کا لین دین ہوا، جن کی مالیت 21.8 ارب روپے رہی، جب کہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 40 ارب روپے کا زبردست اضافہ ہوا، جو اب بڑھ کر 14,768 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق بجٹ میں کیے گئے کاروبار دوست اقدامات، متوقع ٹیکس اصلاحات، اور پالیسی میں تسلسل کی امیدوں نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کیا ہے، جس کا اثر براہِ راست اسٹاک مارکیٹ کی غیر معمولی کارکردگی پر پڑا۔
ایک نئی معاشی فضا کا آغاز ہوگیاہے؟اس تاریخی سنگ میل نے نہ صرف سرمایہ کاروں کو امید کی نئی کرن دی ہے بلکہ ملکی معیشت کے لیے بھی ایک مثبت اشارہ ہے۔ اگر موجودہ رجحان برقرار رہا تو پاکستان اسٹاک ایکسچینج خطے کی نمایاں مارکیٹ بن کر ابھر سکتی ہے۔