اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایران پر اسرائیلی فضائی حملے کو دنیا کے امن پر براہِ راست حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جارحیت بین الاقوامی قانون کی بنیادوں کو ہلا دینے کے مترادف ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” پر اپنے شدید ردعمل میں انہوں نے کہا کہ ایران کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسرائیل نے نہ صرف ایک ناقابلِ جواز حملہ کیا بلکہ خطے کو ایک اور خونریز جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ حملہ نہ صرف عالمی اصولوں کی تذلیل ہے بلکہ انسانی ضمیر کے لیے ایک صدمہ ہے۔ اسرائیل کا یہ گھناؤنا اقدام عالمی برادری کے امتحان کا لمحہ ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان، ایرانی عوام اور قیادت کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ہر ایسے جارحانہ قدم کی شدید مذمت کرتا ہے جو بین الاقوامی امن و سلامتی کو خطرے میں ڈالے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہم دنیا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اسرائیل کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور خطے میں مزید خونریزی روکنے کے لیے فوری سفارتی کوششیں کی جائیں۔
یہ حملہ محض ایک ملک پر نہیں، بلکہ پورے انسانی ضمیر پر حملہ ہے۔
