اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے ایران پر اسرائیلی فضائی حملے کو انتہائی سنگین، غیر ذمہ دارانہ اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” (سابق ٹوئٹر) پر اپنے ردعمل میں وزیراعظم نے کہا کہ ہم اسرائیل کےایران پر بلااشتعال حملے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ یہ حملہ نہ صرف ایران کی خودمختاری بلکہ خطے کے امن کے لیے بھی شدید خطرے کا باعث ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ پہلے ہی تنازعات کی لپیٹ میں ہے، ایسے میں ایک ایٹمی ملک پر حملہ پوری دنیا کو خطرناک اور تباہ کن جنگ کی طرف دھکیل سکتا ہے۔
وزیراعظم نے اقوامِ متحدہ اور عالمی طاقتوں سے فوری اور مؤثر سفارتی اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مزید کشیدگی روکنے کے لیے اب وقت ضائع کیے بغیر ایک مضبوط عالمی ردعمل سامنے آنا چاہیے۔ یہ حملہ محض ایران پر نہیں، بلکہ عالمی امن پر حملہ ہے۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن کا داعی ہے، لیکن ایسے اقدامات عالمی توازن کو بگاڑنے کا سبب بن سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم خطے اور دنیا کے امن کو لاحق بڑھتے خطرات پر گہری تشویش رکھتے ہیں۔ پاکستان ہمیشہ اصولی مؤقف کا حامی رہا ہے اور آج بھی طاقت کے بجائے سفارتکاری کو ترجیح دینے پر زور دیتا ہے۔